جمیکا،24اپریل(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)یونس خان ٹیسٹ کرکٹ میں 10ہزار رنز بنانے والے پہلے پاکستانی اور دنیا کے تیرہویں بلے بازبن گئے۔ انہوں نے یہ اعزاز ویسٹ انڈیز کے خلاف جمیکا میں پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روزچیس کی ایک گیند پرچوکا لگاکر حاصل کیا۔یونس خان 29نومبر1977ء کو مردان میں پیدا ہوئے جبکہ انہوں نے 26فروری 2000ء کوراولپنڈی میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ کیریئر کاآغاز کیا۔یونس خان نے 116ٹیسٹ میچوں کی 208اننگز میں 53 کے اوسط سے یہ سنگ میل عبور کیا۔ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی سنچریوں کی تعداد 34ہے جبکہ وہ 32نصف سنچریاں بھی بنا چکے ہیں۔انہیں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے ہر ملک کے خلاف سنچری بنانے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ٹیسٹ کیریئر میں ان کا سب سے زیادہ انفرادی اسکور 313رنز ہے جو انہوں نے سری لنکا کے خلاف بنایا تھا۔ان کی ڈبل سنچریوں کی تعداد 5 ہے۔یونس خان سے قبل 10 ہزار یا اس سے زائد رنز بنانے کا کارنامہ سرانجام دینے والے کھلاڑیوں میں،سچن تندولکر( 15921)،آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ (13378)،جنوبی افریقا کے جیک کیلس (13289)،ہندوستان کے راہل ڈراوڑ( 13288)،سری لنکا کے کمار سنگاکارا (12400)،ویسٹ انڈیز کے برائن لارا( 11953)،ویسٹ انڈیز کے شیونارائن چندرپال (11867)،سری لنکا کے مہیلاجے وردنے (11814)،آسٹریلیا کے ایلن بارڈر( 11174)،انگلینڈ کے الیسٹر کک (11057)،آسٹریلیا کے اسٹیو وا( 10927)اورہندوستان کے سنیل گواسکر( 10122) ہیں۔